
واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے دور صدارت میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر حل کرسکیں گے۔ ٹیمی بروس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاک ہند کشیدگی سے متعلق سوال پر کہا کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستانی سفارتی وفد نے انڈر سیکریٹری ایلیس ہوکر سے ملاقات کی تھی۔ پاکستانی وفد سے ملاقات میں جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ ترجمان نےکہا کہ شکر ہے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی ہوچکی، یہ کتنا مشکل کام تھا، سب جانتے ہیں، لیکن صدر ٹرمپ، سیکریٹری مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس نے یہ کر دکھایا، ہمیں ان سب کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر ٹرمپ جو بھی قدم اٹھاتے ہیں، وہ طویل المدتی تنازعات کو حل کرنے کے لیے ہوتے ہیں، اس لیے یہ حیران کن نہیں ہونا چاہیے کہ وہ ایسی کسی چیز کو سنبھالنا چاہیں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور ہندوستان کا مسئلہ حل کرلیں گے، ٹرمپ پاک ہند اختلافات، نسل در نسل جنگ کو حل کرنا چاہتے ہیں۔


































