
جنیوا : بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں کہیں بھی کوئی محفوظ جگہ باقی نہیں رہی۔ اسرائیل کے نام نہاد محفوظ زونز دراصل موت کے علاقے ہیں۔
جنیوا میں پریس بریفنگ کے دوران یونیسف کے ترجمان جیمز ایلڈر نےکہا کہ تقریباً دو برس بعد بھی غزہ کے شہریوں کے سوال کہاں جانا محفوظ ہوگا؟” کا جواب یہی ہے کہ غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں۔ انہوں نے بچوں، ماؤں اور بزرگوں کی حالتِ زار بیان کرتے ہوئے کہا کہ معذور بچے ملبے پر لڑکھڑا رہے ہیں، مائیں زخمی بچے اٹھائے پھر رہی ہیں اور خیمے یا اسکول جنہیں پناہ گاہ قرار دیا گیا تھا وہ بھی بمباری میں تباہ ہو چکے ہیں۔ جیمز ایلڈر کے مطابق جنوبی علاقے المواصی میں بدترین بھیڑ، وسائل کی کمی اور بمباری نے وہاں بھی بقا ناممکن بنا دی ہے۔


































