
جنیوا : اقوام متحدہ کی کمیٹی اگینسٹ ٹارچر نے سات اکتوبر کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا ردعمل حد سے زیادہ اور فلسطینیوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوا ہے۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بدسلوکی اور تشدد کے واقعات غیر معمولی حد تک بڑھ گئےہیں۔ اسرائیل نے تشدد اور بدسلوکی کو ریاستی سطح کی منظم پالیسی بنالیا ہے۔ جو فلسطینی آبادی کے لیے ظالمانہ اور غیر انسانی حالات پیدا کر رہی ہے۔ کمیٹی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک غیرجانبدار اور مؤثر تحقیقاتی کمیشن قائم کرے جو تشدد اور بدسلوکی کے تمام دعوؤں کی چھان بین کرے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے تشدد اور انتظامی حراست میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔ کمیٹی نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی قوانین میں تشدد کو بطور علیحدہ جرم شامل نہیں کیا گیا اور تفتیش کے دوران غیرمعلَنہ ’خصوصی طریقوں‘ کا استعمال سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔


































