
لندن : گوگل سرچ انجن اور اسرائیلی حکومت کے درمیان فلسطینیوں کی آواز دبانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور نگرانی سے متعلق ایک ارب ڈالر کے معاہدے کے بعد گوگل کی ملازمہ نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ مارکیٹنگ مینجر ائیریل کورین رواں ہفتے کمپنی کو خیر باد کہہ دیں گی ۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ ایک ارب ڈالر کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سرویلنس معاہدے پر آواز اٹھائی تو گوگل انتظامیہ نے خاموش کرنے کے لیے میری ذمہ داریاں ہی بدل ڈالی۔ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ائیریل کورین نے پراجیکٹ نمبس نامی ایک پروگرام پر ایمیزون اور اسرائیلی فوج کے ساتھ گوگل کے 1.2 ارب ڈالر کے تعاون پر احتجاج کیا۔ انہوں نے گوگل کو معاہدے سے دستبردار ہونے کے لیے اپنے منظم احتجاج میں ایک سال سے زیادہ وقت گزارا اور آن لائن پٹیشنز، ایگزیکٹوز سے بات چیت اور نیوز آرگنائزیشنز سے بھی بات کی۔ کورین نے کہا کہ ان کے خدشات کو سننے کے بجائے گوگل نے نومبر 2021 میں ایک الٹی میٹم کے ساتھ مجھے ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو سے برازیل کے شہر ساؤ پالو منتقل ہونے پر دباؤ ڈالا۔


































