
غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی رہائشی آبادیوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے البریج پناہ گزین کیمپ پر بھی بم برسا دیے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات بھر اسپتالوں، اسکولوں اور رہائشی عمارتوں پر بمباری کی۔ بریج کیمپ پر حملے میں 15فلسطینی شہید ہوئے, جبالیہ کیمپ پر حملے میں 29 فلسطینی جان سے گئے۔ جبالیا کیمپ پر 3 دن میں تیسرے حملہ کے بعد شہدا کی تعداد 2 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 7 سو سے زیادہ زخمی اور 100 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔ اسرائیل نے شاطئی کیمپ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول کو بھی نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے القدس اسپتال کے قریب بھی بم برسائے۔ اسرائیل حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے پورے غزہ شہر کا محاصرہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے بعد زمینی فوج کی بڑی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حماس اور صیہونی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔


































