
غزہ : اسرائیلی فوج نے غزہ کا محاصرہ توڑنے کی ایک اور کوشش ناکام بنادی اور فریڈم فلوٹیلا کی نو کشتیوں پر دھاوا بول کر انہیں قبضے میں لے لیا۔
فریڈم فلوٹیلا کولیشن اور تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ کے تحت منظم کئے گئے امدادی قافلے پر غزہ سے ایک سوبیس ناٹیکل میل دور حملہ کیا گیا۔ کشتیوں پر ایک لاکھ ڈالر سے زائد کا امدادی سامان موجود تھا جبکہ درجنوں ڈاکٹر۔ صحافی اور منتخب نمائندے سوار تھے۔ فلوٹیلا منتظمین نے بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور انھیں اسرائیلی بندرگاہ اشدود منتقل کیا جارہا ہے جہاں سے انھیں جلد ملک بدر کیا جائے گا۔


































