
جنین: اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں انسانی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کرنیوالے سفارتی مشن پر گولیاں چلادیں۔ سفارتی عملے اور میڈیا ارکان کو بھاگ کر جان بچانا پڑی۔ یورپی یونین، عرب اور ایشیائی ممالک کا ایک سفارتی وفد مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے اسرائیلی فائرنگ کی زد میں آگیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس دورے کا مقصد حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے اور بالخصوص جنین میں ملٹری آپریشن کے نتیجے میں ہونے والی تباہیوں کا جائزہ لینا تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے فوجیوں نے وفد کو ہٹانے کے لیے انتباہی گولیاں چلائیں کیونکہ وہ پہلے سے طے شدہ راستے سے ہٹ کر ایک ایسے علاقے میں داخل ہو گیا تھا جس میں اسے جانے کا اختیار نہیں تھا۔ یورپی یونین اور فرانس سمیت کئی ممالک میں اسرائیلی سفیروں کو بلا کر وضاحت طلب کی گئی۔


































