
غزہ : غزہ میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے ایک اسکول پر صیہونی فوج کے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت پچیس فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ صیہونی فوج نے غزہ سٹی کے علاقے الدرج میں واقع فہمی الجرجاوی اسکول پر اس وقت بم برسائے جب پناہ گزین سو رہے تھے۔ بمباری سے اسکول میں آگ لگ گئی۔ کئی افراد زندہ جل گئے جن کی لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔
ایک اور حملے میں صیہونی فوج نے خیمہ بستی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چھ افراد جان سے گئے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک 53 ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے۔
ادھر غزہ کے بیشتر علاقوں میں امداد نہیں پہنچ سکی۔ جس کی وجہ سے قحط جیسی صورتحال برقرار ہے۔ دوسری جانب امریکی سرپرستی میں بنائی گئی غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن آج سے غزہ میں امداد کی تقسیم شروع کرے گی تاہم اس سے پہلے فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جیک ووڈ نے استعفیٰ دے دیا ہے جس سے امداد کی ترسیل کے لیے امریکہ اور اسرائیل کے منصوبے کو دھچکا لگا ہے۔


































