
غزہ : جنگ اور آفت زدہ علاقوں میں طبی امداد پہنچانے والی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز۔ ایم ایس ایف نے کہا ہے کہ غزہ میں دو سال سے جاری اسرائیلی حملوں نے صحت کے نظام کو تباہ کردیا ہے۔
ایم ایس ایف کے عہدیدار ایتور زبالگوگیازکو نے صحافیوں کو بتایا کہ بیشتر اسپتال بند یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور طبی عملہ مکمل طور پر تھک چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں ان کے 15 ساتھی جاں بحق ہو چکے ہیں، اور یہ تنظیم کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض اسپتال مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں، جبکہ دیگر جزوی طور پر تباہ ہیں اور لوگ ان تک رسائی نہیں حاصل کر سکتے۔ جو اسپتال ابھی خدمات فراہم کر رہے ہیں، انہیں اپنے کمپاؤنڈ کے باہر کام کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال بجلی، پانی، کلورین، ایندھن اور مریضوں کے لیے خوراک فراہم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔


































