
اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ میں ہسپتال پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے اور اس میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کے شہید ہونے پر اظہارِ مذمت کیا ہے۔ صدر مملکت نے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں معصوم جانوں کے المناک نقصان پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایک ہسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی اور اخلاقی اصولوں کو پامال کیا۔ انہوں نے اسرائیل کی طرف سے سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے، عالمی برادری اسے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اسرائیلی بمباری اور غزہ کے جاری محاصرے کو فوری طور پر روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ادھر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملے میں سینکڑوں شہری شہید ہوگئے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ناقابل جواز عمل ہے، یہ عالمی اور انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی انسانی قانون ہسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔


































