
انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کے اقدامات کی سزا کا سامنا کرنا ہوگا تاکہ کسی کو دوبارہ ایسے مظالم پر غور کرنے سے روکا جاسکے۔ عالمی عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے طیب اُردوان نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ یہ فیصلہ اور اس سے قبل جو فیصلے اسرائیل نے نافذ نہیں کئے عالمی برادری میں بیداری لائیں گے۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے اور غزہ میں ظلم کے خاتمے کے لیے قاتل وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے ساتھیوں کی حمایت واپس لے۔ ترک صدر نے کہا کہ سارا مسئلہ ان لوگوں کا ہے جو اسرائیل کے اقدامات کے خلاف انصاف کے لیے اتحاد کی خاطر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یقینی بنانا ہوگا کہ ہر کوئی آئی سی جے کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہو۔ ہم صرف اس طرح کے موقف سے اس کھیل میں خلل ڈال سکتے ہیں۔


































