
واشنگٹن : امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اسرائیل کے لبنان پر حملے میں امریکی ساختہ سفید فاسفورس استعمال کرنے کی تصدیق کردی۔ گذشتہ ماہ کئے گئے حملے میں 9 لبنانی شہری زخمی ہوئے تھے جبکہ آگ سے 4 گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔ اخبار کی جانب سے گولہ بارود کے ٹکڑوں اور جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر کے تجزیہ کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے بتایا کہ امریکا کو ان رپورٹوں پر تشویش ہے کہ اسرائیل سفید فاسفورس استعمال کر رہا ہے۔ واشنگٹن اس معاملے پر مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ جان کربی نے دنیا بھر میں ممنوعہ قرار دئے گئے سفید فاسفورس پر مشتمل گولہ بارود کا جائز فوجی مقصد بھی ڈھونڈ لیا۔


































