
انقرہ : ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے الزام کہاکہ اسرائیل افراتفری پھیلا کر شام کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ شامی ہم منصب اسعد الشیبانی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں ہاکان فیدان نے کہاکہ بیرونی مداخلتیں شام میں استحکام کے راستے میں رکاوٹ ہیں اور کچھ فریق شام میں امن نہیں چاہتے۔ فیدان نے بتایا کہ شام اب بھی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور ہم اسے ان سے نکالنے میں مدد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شام کی تعمیر نو کا عمل وقت طلب ہے اور سب کو اسے سپورٹ کرنا چاہیے۔ الشیبانی نے کہا کہ شام کا استحکام خطے کے استحکام کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام ایک نازک وقت سے گزر رہا ہے جس کا اثر ہر گھر پر پڑا ہے اور ہم ایسے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں جو جنگ کے دوران دیکھے گئے خطرات کے برابر ہیں۔


































