
جنیوا: نسل کشی پر تحقیق کرنے والی عالمی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف جینو سائیڈ اسکالرز نے غزہ میں اسرائیلی اقدامات کو نسل کشی قرار دینے کے حق میں قرارداد منظور کرلی۔
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف جینو سائیڈ اسکالرز کے ووٹ ڈالنے والے 500 ارکان میں سے 86 فیصد نے قرارداد کی حمایت کی۔ قرارداد میں کہا گیاہےکہ اسرائیل کا طرزعمل نسل کشی سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن میں بیان کردہ قانونی تعریف پر پورا اترتا ہے۔ قرارداد میں صحت کی دیکھ بھال، امداد اور تعلیمی شعبوں سمیت بقا کے لیے ضروری سہولیات پر بڑے پیمانے پر حملوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ قرارداد میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر مبنی تمام اقدامات کو فوری روکے۔
حماس نے قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے۔ جبکہ اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ رپورٹ حماس کے جھوٹ اور ناقص تحقیق پر مبنی ہے اور اسے قانون کے پیشے کے لیے شرمندگی قرار دیا ہے.


































