
تل ابیب :اسرائیل نے غزہ اور لبنان کی جنگ میں سات سو ستتر فوجیوں اور اڑسٹھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ اسرائیلی فوج نے پہلی بار غزہ اور لبنان میں جاری نسل کشی کی جنگ میں اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔ اسرائیلی فوج نے 777 اہلکاروں کے نام شائع کئے ہیں جو غزہ اور لبنان میں مارے گئے۔ ہلاک فوجیوں میں چھ کرنل اور دس لیفٹنٹ کرنل بھی شامل ہیں۔ لڑائی میں تریسٹھ میجر اور درجنوں کیپٹن بھی مارے جاچکے ہیں۔ سات اکتوبر کو حماس کے حملے میں 302 جبکہ زمینی جنگ کے دوران 365 افسران اور فوجی ہلاک ہوئے۔ مغربی کنارے اور اسرائیل پر حملوں میں دس ۔مغربی کنارے میں آپریشن کے دوران تین جبکہ عراق سے ڈرون حملے میں دو فوجی مارے گئے۔ چھ فوجی اسرائیل اور مغربی کنارے میں آپریشن کے دوران مارے گئے۔ جبکہ ایک فوجی یرغمالیوں کی رہائی کے آپریشن میں ہلاک ہوا۔ غزہ کی سرحد پر جھڑپوں میں 58 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔
حزب اللہ اور اتحادی گروپوں کے حملوں میں 28 فوجی جبکہ زمینی کارروائیوں کے دوران 35 فوجی مارے گئے۔ چونسٹھ فوجی صرف اکتوبر میں ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق حماس اور حزب اللہ سے جھڑپوں میں پانچ ہزار 206 افسران اور سپاہی زخمی ہوئے۔ زخمی فوجیوں میں 707 کی حالت تشویشناک ہے۔ 291 فوجی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔


































