
لاہور : اسلامی تحریک پاکستان نے ملی یکجہتی کونسل کو غیردستوری انداز میں چلانے پر اجلاسوں کا بائیکاٹ کردیا اور خبردار کیا کہ اگر اگر اصلاح نہ کی گئی مکمل علیحدگی اختیار کرلی جائے گی، اسلامی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کو تسلسل کے ساتھ ہائی جیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، دستور کے مطابق عہدیداروں کی تقرری صدر کا اختیار یے اور وہ مجلس قائدین سے منظوری کا پابند ہے،نومنتخب صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مرکزی عہدیداروں کی تقرری تو کردی لیکن مجلس قائدین سے منظوری نہیں لی گئی، دستور کے مطابق سینیئر نائب صدر ایک ہوتا ہے جبکہ تقرری سے متعلق اعلامیہ میں جم غفیر کو سینیئر نائب صدور بنا دیا گیا ہے، ترجمان نے واضح کیا کہ کونسل کے ساتھ کھلواڑ اور ہائی جیکنگ کے تاثر کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی تحریک پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ آئی ٹی پی کا کوئی نمائندہ ملی یکجہتی کونسل کے کسی بھی مشاورتی یا باقاعدہ اجلاس میں شریک نہیں ہوگا اور اگر اصلاح نہ کی گئی اور یہ سلسلہ جاری رہا تو اسلامی تحریک ملی یکجہتی کونسل سے علیحدہ ہوجائے گی۔


































