
اسلام آباد: تحریک انصاف کے احتجاج کے سبب دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل سیل کردیا گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ دونوں شہروں کے تمام راستوں پر کنٹینرز لگادئے گئے ہیں۔ صوبہ پنجاب۔ خیبرپختونخوا۔ گلگت بلتستان اور کشمیر سے آنے والے راستے بھی مکمل بند کردئے گئے۔ انتظامیہ نے بعض مقامات پر سڑکیں اکھاڑدیں یا ان میں بڑے بڑے گڑھے کھود ڈالے۔ شاہراہوں،سڑکوں کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسلام آباد میں ہرقسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند، پیٹرول پمپس، دکانیں بند ہیں۔ ہاسٹلز و گیسٹ ہاؤس گذشتہ رات خالی کروالیے گئے۔ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ڈیٹا انٹرنیٹ بند کر دیا ہے۔ رینجرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا سے آنے والے مظاہرین کو ہر صورت کٹی پہاڑی پر روکیں۔ اس سے پہلے پولیس کریک ڈاؤن کرکے پی ٹی آئی کے سات سو سے زائد کارکنوں اور عہدیداروں کو گرفتار کرلیا۔


































