
اسلام آباد: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ دشمن نے ہمیں فرقوں میں تقسیم کر دیا ہے، پہلے دشمن سے لڑنا ہوگا۔ شیعہ اور سنی کی وحدت کی اس وقت کی ضرورت ہے، امام خمینی(رح) نے ہفتہ وحدت قرآنی حکمت عملی کے تحت منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ امت مسلمہ کی وحدت سے دشمن کی سازشیں ناکام ہوجائیں۔ اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام مجلس وحدت مسلمین کی میزبانی میں عظیم الشان عشق پیغمبر اعظم(ص) مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام اور عاشقان رسول اکرم (ص) مرد و خواتین حضرات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کانفرنس سے خطاب میں کہاکہ دہشت گرد سن لیں، وہ ہمارے دلوں سے عشق رسول (ص) و اہلبیت (ع) کو نہیں نکال سکتے، نبی کریم حضرت محمد (ص) کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، ہم متحد ہوکر ہی اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ چھڑی اور بندوق کی طاقت سے نہیں، جمہور کی طاقت سے ملک سنورے گا ہم وحدت مسلمین کو پارہ پارہ کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کریں گے، ملی یکجہتی کونسل نے ملک میں تمام مسالک کی وحدت کو یقینی بنایا، تمام مکاتب فکر کے علماء کا ہر طرح کے حالات میں ملی یکجہتی کو قائم رکھنا بڑا جہاد ہے، آج پاکستان کی معیشت ہاتھوں سے نکل رہی ہے، خود انحصاری اور خود اعتمادی ہی پاکستان کے معاشی بحرانوں کا علاج ہے، آج پاکستان میں انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں، آج عدلیہ کے فیصلوں کی قدر و قیمت نہیں، آئین کی حکمرانی ہی مسائل کا واحد حل ہے۔


































