
تہران/واشنگٹن : ایران نے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے یورپی یونین کے مسودے پر امریکی کے ردعمل پر اپنا جواب پیش کردیا تاہم امریکا نے حسب توقع جواب کا تفصیلی جائزہ لئے بغیر فوری طور پر اسے غیر تعمیری قرار دے دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا ہے کہ یورپی مسودہ کے متن پر امریکی جواب موصول ہونے کے بعد اسلامی جمہوریہ کے ماہرین کی ٹیم نے اس کا بغور جائزہ لیا اور ایران کے جوابات کو مرتب کر کے یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر کو پیش کر دیا ۔ایران کی جانب سے بھیجا گیا متن ایک تعمیری نقطہ نظر ہے جس کا مقصد مذاکرات کو حتمی شکل دینا ہے ایران کا ردعمل مختلف سطحوں پر تشخیص کے بعد تیار کیا گیا تھا۔ ایرانی جواب ملنے کے فوری بعد امریکا نے اسے مسترد تو نہیں کیا لیکن حسب توقع غیرتعمیری قرار دے دیا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ہمیں یورپی یونین کے ذریعے ایران کا جواب موصول ہوا ہے۔اس کا مطالعہ کیا جارہا ہے اور یورپی یونین کے ذریعے اس کا جواب دیں گے لیکن بدقسمتی سے ایران کا جواب تعمیری نہیں ہے۔


































