
تہران : امریکی حملے کے بعد ایران نے اسرائیل پر شدید جوابی حملہ کیا ہے۔ کئی شہروں میں میزائل گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور 87 افراد زخمی ہوگئے۔ ایران نے تل ابیب، حیفا اور مقبوضہ بیت المقدس پر مائع اور ٹھوس ایندھن والے چالیس میزائلوں اور کئی ڈرونز سے حملہ کیا۔ پہلی بار جدید خیبر شکن میزائل بھی استعمال کیا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق بین گورین ایئرپورٹ ۔حیتیاتی تحقیقی مرکز، اہم معاون اڈوں، آئل ریفائنری، ائیربیس اور مختلف سطحوں پر موجود کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
سب سے زیادہ تباہی تل ابیب میں ہوئی جہاں دو کثیر المنزلہ عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور ستائیس افراد زخمی ہوئے۔ حیفا میں بھی زور دار دھماکے سنے گئے جہاں میزائلوں نے مخلتف اہداف کو براہ راست نشانہ بنایا۔
حالیہ حملوں کے بعد اسرائیل کی فضائی حدود کو تاحکم ثانی بند کردیا گیاہے۔ اسرائیل نے بھی ایران کے شہروں تہران۔ قم ۔شیراز اور تبریز میں حملے کئے ہیں۔ اسرائیل نے اصفہان میں راکٹ لانچر سائٹ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔


































