
بیروت : ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان عراق کے دورہ کے بعد بیروت پہنچے جہاں لبنان کی وزارت خارجہ کے حکام اور تحریک حماس کے نمائندے نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ سے ملاقات کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بیروت میں ہیں اور بہ آواز بلند اس بات کا اعلان کرتے ہیں ہم دوسرے ممالک اور اسلامی حکومتوں کے ساتھ مل کر غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے مظالم برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسیوں ہزار فلسطینیوں کو بے گھر کرنا اور پانی، بجلی، اشیائے خورد و نوش اور ادویات کا بند کیا جانا صیہونی حکومت کا جنگی جرم ہے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ کا حزب اللہ کی جانب ممکنہ اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے۔ غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم نہ رکی تو مزید مزاحمتی تنظیمیں اس جنگ میں شامل ہوجائیں گی۔ ایرانی وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ ان خدشات کا اظہار یورپی حکام کے ساتھ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا اس دورے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ ایران سمیت مسلم ممالک اسرائیلی جنگی جرائم پر خاموش نہیں رہیں گے۔


































