
ماسکو : ایران کا کہنا ہے کہ وہ 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے یورپی یونین کے مسودے پر امریکی ردعمل کا جائزہ لے رہا ہے لیکن اس معاہدے کو حاصل کرنے کے لیے امریکا کی جانب سے مضبوط ضمانتوں کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ وفود کی سطح کے مذاکرات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں حسین امیر عبداللہیان نے کہاکہ ہمیں امریکی فریق کا آخری متن موصول ہوا ہے اور میرے ساتھی بغور اور مطلوبہ رفتار کے ساتھ ردعمل کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ضمانت کے معاملے میں تہران کو مضبوط متن اور مضبوط ضمانتوں کی ضرورت ہے تاکہ معاہدے کو بحال کرنے اور ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کے لیے گزشتہ سال اپریل سے جاری مذاکرات کو مکمل کیا جا سکے۔حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران پائیدار معاہدے کے لیے سنجیدہ ہے، اگر امریکا حقیقت پسندانہ کام کرتا ہے اور موجودہ متن کو تقویت دیتا ہے تو معاہدہ پہنچ سے باہر نہیں ہوگا۔ ہمارا مقصد ایک اچھا، مضبوط اور دیرپا معاہدہ ہے۔


































