
تہران : ولی امر المسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دین و سیاست کی جدائی کے مغربی نظریے پر خط بطلان کھینچ دیا ہے۔ ملک بھر کے آئمہ جمعہ و جماعات سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا مغربی تمدن کی شناخت کے مرکزی نقطہ دین و سیاست کی جدائی کو باطل کرنا ایران کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ایران نے اسلامی جمہوریت کے نعرے کو نہ صرف زندہ رکھا ہے بلکہ وہ اپنی ترقی و پیشرفت کی منزلیں طے کرکے، دین و سیاست کو ناسازگار بناکر پیش کرنے کی طویل مغربی کوششوں کے سامنے مضبوط رکاوٹ بن گیا ہے۔انہوں نے امریکا کو صیہونیوں اور سرمایہ دارانہ نظام کا شوکیس قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی طاقتوں کی مافیا جس میں صیہونی اور صیہونی سرمایہ دار سر فہرست ہیں، جھنجھلاہٹ کا شکار ہیں اور اسلامی جمہوریہ نظام پر ضربیں لگانے کی مسلسل ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔


































