
تہران: ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی رپورٹ کو سیاسی اور غیرمتوازن قرار دیتے ہوئے اس پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نےکہاہے کہ عالمی تنظیم کی سرگرمیوں کا پیشہ وارانہ معیار غیرجانبداری کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بےبنیاد الزامات کو بار بار دہرانے سے وہ قابل اعتبار نہیں ہوجاتے۔ اس معاملے پر ضرورت سے زیادہ تشویش کا اظہار ایران کے خلاف سیاسی چالبازی کا محض ایک بہانہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بعض ممالک نے آئی اے ای اے کو غلط استعمال کرنے کی کوشش کی تو ایران متوازن جواب دینے پر مجبور ہوگا اور اس کے نتائج کے ذمہ دار وہی مغربی ممالک ہوں گے جنہوں نے یہ سلسلہ شروع کیا تھا۔


































