
ماسکو : ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے ماسکو میں روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔ صدر رئیسی نے صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ پر جارحیت کے بارے میں اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ادارے اپنی اہمیت اور افادیت کھوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید ہورہا ہے۔ اس سلسلے کو فوری طور پر بند کرنے کی ضرورت ہے۔ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر روکا جائے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ دنیا میں رائج ظالمانہ نظام اس کی بنیادی وجہ ہے اسی وجہ سے غزہ میں انسانی المیہ درپیش ہے۔ صیہونی حکومت بدترین نسل کشی کررہی ہے۔ اب تک 5 ہزار سے زائد فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک اسرائیل کی مسلسل حمایت کررہے ہیں۔ بین الاقوامی ادارے اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام ہونے کی وجہ سے افادیت کھوچکے ہیں۔
صدر پیوٹن نے ایرانی ہم منصب سے درخواست کی کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو میرا سلام پہنچائیں کیونکہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے بڑے حامی ہیں۔


































