
جدہ: اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسے رکوانے کا مطالبہ کردیا۔ جدہ میں او آئی سی کے مرکز سے جاری بیان میں مقبوضہ فلسطین کی صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ او آئی سی نے موجودہ حالات کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کی وجہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی روزانہ کی بنیاد پر نسل کشی اور فلسطینی علاقوں پر حملے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کی وجہ فلسطین پر اسرائیلی قبضہ اور عالمی قراردادوں کو تسلیم نہ کرنا ہے۔ او آئی سی نے اپنے بیان میں کشیدگی کا ذمہ دار اسرائیلی قبضے کو ٹھہرایا اور عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے، فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضہ ختم کروا کر فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔


































