
واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اسلحہ کی فراہمی سے متعلق ہندوستان کے اعتراضات کو یکسر مسترد کردیا۔ ہندوستانی وزیر خارجہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ پاکستان کو دیا جانے والا ایف 16 طیاروں کا پروگرام نیا نہیں بلکہ ایک عرصے سے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو نئے طیاروں، نئے سسٹمز یا نئے ہتھیاروں کی فراہمی نہیں کی جا رہی۔ پاکستان کے لیے منظور کردہ 45 کروڑ ڈالر کی ڈیل پہلے سے فراہم کیے گئے طیاروں کی مینٹیننس کے لیے ہے تاکہ جو طیارے پاکستان کے پاس ہیں، انہیں برقرار رکھا جاسکے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم پابند ہیں کہ ہماری طرف سے فراہم کردہ فوجی ساز و سامان قابل استعمال رہے۔


































