
ورجینیا : امریکی حکام نے بھارتی نژاد امریکی سینئر مشیر ایشلی ٹیلِس کو خفیہ دفاعی دستاویزات غیر قانونی طور پر رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ورجینیا میں ٹیلِس کے گھر سے ایک ہزار سے زائد ٹاپ سیکرٹ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، جن میں امریکی فوجی طیاروں کی صلاحیتوں اور دیگر حساس معلومات شامل ہیں۔ محکمۂ انصاف کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر انہیں دس سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ چونسٹھ سالہ ایشلی ٹیلس کئی دہائیوں سے امریکی حکومت سے منسلک ہیں اور اس وقت محکمۂ خارجہ میں سینئر مشیر کے عہدے پر فائز ہیں۔
ایف بی آئی کے مطابق ٹیلِس نے حالیہ برسوں میں چینی حکام سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں اور گزشتہ دو ماہ میں کئی بار محکمۂ خارجہ اور دفاع کی عمارتوں میں خفیہ دستاویزات پرنٹ کرتے اور بریف کیس کے ساتھ عمارت سے نکلتے ہوئے ریکارڈ کیے گئے۔ یہ کیس امریکی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جا رہا ہے۔


































