
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین کے عہدے کے لیے بیرسٹر گوہر خان کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔ بیرسٹر گوہر خان سپریم کورٹ کے وکیل ہیں۔ انکا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر سے ہے۔ بیرسٹر گوہر کئی عرصے تک اعتراز احسن اینڈ ایسوسی ایٹس کے ساتھ وابسطہ رہے اور اعتزاز احسن کی براہ راست نگرانی میں وکالت کرتے رہے۔ بیرسٹر گوہر خان گزشتہ ایک سال سے عمران خان کی قانونی ٹیم کے با اعتماد رکن ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کہا ہے کہ عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے ہیں اور تاحیات رہیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھ پر، میرے ضلع، میرے صوبے اور پوری ٹیم پر جو اعتماد کیا ، اس پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ میں ان کے نامزد کردہ نمائندے اور جانشین کی حیثیت سے ذمہ داری نبھاؤں گا، پی ٹی آئی وہی ہے جو خان صاحب کی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جیل کے اندر ہوں یا باہر، وہ لیڈر ہیں، میں اس وقت تک چیئرمین کی ذمے داریاں نبھاؤں گا جب تک عمران خان اپنی سیٹ پر باعزت طور پر واپس نہیں آجاتے اور انشاءاللہ وہ دور نہیں ہوگا، جب وہ واپس آئیں گے، ہوسکتا ہے وہ دن کل ہی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا نظریہ، پی ٹی آئی، ہمارا کام، ہماری جدوجہد وہی ہے جس کی چیئرمین پی ٹی آئی نے ابتدا کی اور چلا رہے ہیں، ہمارا وہی اول و آخر نظریہ ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی کا ہے۔


































