
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو دوسرا کھلا خط لکھ دیا۔ عمران خان نے دوسرے خط میں لکھاکہ انہیں موت کی چکی اور اہلیہ بشریٰ کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ بیس دن تک مکمل لاک اپ میں رکھا گیا جہاں سورج کی روشنی تک نہیں پہنچتی تھی۔ عمران خان نے لکھا کہ ان کے پہلے خط کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان دن بدن بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کرنا تھا لیکن خط کا جواب انتہائی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری سے دیا گیا انہوں نے لکھاکہ پری پول دھاندلی اور الیکشن کے نتائج تبدیل کر کے حکومت قائم کی گئی۔گن پوائنٹ پر 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتی نظام پر قبضہ کیا گیا۔ ظلم و جبر کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو بند کرنے کیلئے پیکا کا اطلاق کیا گیا۔
انہوں نے لکھا کہ عدلیہ میں کوئی شفاف فیصلے دینے والا نہیں ہے۔ سارے کیسز کے فیصلے دباؤ کے ذریعے دلوائے جارہے ہیں اور انہیں غیرقانونی طور پر 7 سزائیں دلوائی گئی ہیں۔


































