
ماسکو: روس نے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی فراہمی پر امریکا کوخبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس کے وجود کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ہم نے بارہا امریکا کو یوکرین کیلئے ہتھیاروں کی بھرمار جاری رکھنے کے نتائج سے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے گا تو اسے تنازع کے فریق کے طور پر دیکھا جائے گا۔ انہوں نے واشنگٹن کو روس کے فوجی نظریے کی مزید یاد دہانی کرائی جو روسی ریاست کے وجود کو خطرے میں آنے کی صورت میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا تصور رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اپنے مفادات کا مکمل دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور خصوصی فوجی آپریشن کے اہداف مکمل طور پر حاصل کیے جائیں گے۔ ہم امریکا کو اشتعال انگیز اقدامات سے خبردار کر رہے ہیں، جیسے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے اور زیادہ تباہ کن ہتھیاروں کی فراہمی۔ یہ سنگین نتائج سے بھرا ہوا نامعلوم راستہ ہے، جس کی ذمہ داری پوری طرح واشنگٹن پر عائد ہوگی۔


































