
تہران : ایران نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بند نہ کی گئی تو یہ پورے خطے کو لپیٹ میں لے لے گی۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن سے فون پر گفتگو میں غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت اور انسانی المیہ رونما ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت حماس کے مقابلے میں اپنی شکست و ناتوانی کا بدلہ غزہ کے عوام سے لے رہی ہے اور عام شہریوں خاص طور سے عورتوں اور بچوں کا خون بہا رہی ہے۔ انہوں نےکہاکہ غزہ میں اگر جنگ بند نہ کی گئی تو اس کا دائرہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا اور پھر صورت حال قابو سے باہر ہو جائے گی۔
ادھر وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ میں اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے عالمی سطح پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کا بحران انسانیت کے ضمیر کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیس لاکھ سے زائد لوگوں کا مکمل محاصرہ۔ اسپتالوں پر بمباری اور مریضوں کے قتل عام کی تصاویر دیکھ کر کوئی بھی زندہ اور بیدار ضمیر خاموش نہیں رہے گا۔


































