
امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کردیا ہے کہ غزہ پر بلا تفریق بمباری کے باعث اسرائیل اپنی حمایت کھونے لگا ہے۔اپنی انتخابی مہم کیلئے چندہ جمع کرنے کی ایک تقریب کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی سخت گیر حکومت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قدامت پرست سیاست دانوں خاص طور پر اسرائیلی نیشنل سکیورٹی کے وزیر اتمار بن گویر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت اسرائیل کی تاریخ کی سب سے قدامت پرست حکومت ہے۔ نیتن یاہو کو اپنی حکومت میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ حکومت اسرائیل کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک موقع ہے کہ ہم خطے کو متحد کر سکیں اور ایسا کرنا بھی چاہتے ہیں لیکن نیتن یاہو کو بھی سمجھنا ہوگا کہ اس موقع کو مستحکم کرنے کیلئے اسے بھی کچھ اقدامات کرنا ہوں گے اور وہ عالمی دباؤ کے بعد مستقبل میں فلسطینی ریاست کے قیام سے انکار نہیں کرسکتے کیونکہ یہ بہت مشکل ہوگا۔ جو بائیڈن کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ اسرائیلی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو دو ریاستی حل نہیں چاہتی۔


































