
بیروت : حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ اگر امریکی ثالث نے متنازعہ پانیوں پر پیش کئے گئے لبنان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو خطے میں امن قائم نہیں ہو گا۔بیکا جنتا میں سیاحتی مقام کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب میں سید حسن نصر اللہ کہا کہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ متنازع پانی اور گیس فیلڈز کے معاملے کو ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ حزب اللہ لبنان کے حقوق اور سرحدوں پر اصرار کرے گی۔ اگر بحری حد بندی کے بارے میں لبنان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو معاملات مزید بڑھ جائیں گے، قطع نظر اس کے کہ ایران کے جوہری معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تمام تر توجہ امریکی ثالث پر ہے جو محدود وقت کو ضائع کر رہا ہے۔ آنے والے دن لبنان کی تیل کی دولت اور سمندری حد بندی کے لیے اہم ہوں گے۔


































