
ٹورنٹو: کینیڈا میں خالصتان ریفرنڈم کے کامیاب انعقاد کے بعد سکھوں نے بھارت سے آزادی کے نتیجے میں شملہ کو اپنا دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔کونسل جنرل سکھ فار جسٹس کرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ خالصتان کے آزاد ہوتے ہی شملہ کو اپنا دارالحکومت بنائیں گے کیوں کہ سکھوں نے ریفرنڈم میں مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں آزاد خالصتان کا دارالحکومت شملہ چاہیے۔ کینیڈا میں خالصتان ریفرنڈم کے حوالے سے تاریخ رقم ہوئی ہے، جس کے مطابق ایک لاکھ 10 ہزار سکھوں نے ووٹ ڈالے۔ کینیڈا میں ووٹنگ نے لندن کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ سکھوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کچھ قبول نہیں کریں گے۔
سکھ فار جسٹس کے مطابق وقت ختم ہونے اور ٹریفک جام کے سبب 35 سے 40 ہزار سکھ ووٹ نہیں ڈال سکے۔ اس سلسلے میں برامپٹن میں ہی جلد ریفرنڈم کے لیے دوبارہ ووٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ریفرنڈم کے شرکا نے بھارت سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ کینیڈا کی پارلیمنٹ کے رکن ڈین ایلیسن نے سکھوں کے نمایاں تعداد میں ووٹ ڈالنے کو حیرت انگیز قرار دے دیا۔


































