
تہران : ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکیوں کی طرف سے ایٹمی سمجھوتے کے حصول کے تعلق سے نیک نیتی کے اظہار پر مبنی پیغامات موصول ہوئے ہیں لیکن ہم نے امریکی حکام پر واضح کردیا ہے کہ وہ ہر طرح کی نیک نیتی اور حقیقت پسندی کا ایٹمی معاہدے کو بحال کرنے میں عملی مظاہرہ کریں۔ اچھے سمجھوتے کے حصول کے لئے امریکا کو جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ کوئی اچھا اور پائیدار سمجھوتہ طے پا سکے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی فریق نے بارہا یہاں تک کہ حال ہی میں پھر اعلان کیا ہے کہ وہ اچھے سمجھوتے کا عزم رکھتا ہے اور اس سلسلے میں سنجیدہ بھی ہے جبکہ ہم نے ان کو صراحت کے ساتھ بتا دیا ہے کہ اگر سمجھوتہ چاہتے ہو تو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نیک نیتی اور عزم و ارادے کو عملی طور پر ثابت کرو۔


































