
جنیوا : اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ججوں پر پابندی کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اُسے گڈ گورننس کے اصولوں اور انصاف کی غیر جانبدار انتظامیہ کیخلاف تباہ کن قرار دیا ہے۔ وولکرترک نے امریکا سے فوری طور پر فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور گڈ گورننس اور انصاف کی غیرجانبدار انتظامیہ کے لیے نقصان دہ اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے امریکی فیصلے کو بین الاقوامی ادارے کی آزادی کو نقصان پہنچانے کی واضح کوشش قراردیا جو دنیا کے ایک سو پچیس ممالک کے مینڈیٹ کے تحت کام کرتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ امریکی فیصلے سے قانون کی حکمرانی اور استثنیٰ کے خلاف جنگ کی عالمی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ پابندیاں عدالتی کام انجام دینے والوں پر حملے کے مترادف ہیں ۔ یہ ایسا عمل ہے جو قانون کے تحفظ کے احترام کے خلاف ہے۔


































