
لندن : انسانی حقوق کی تنظمیوں نے برطانیہ کی اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر شدید تنقید کی ہے۔گلوبل لیگل ایکشن نیٹ ورک اور الحق گروپ نے کہا ہے کہ برطانیہ ہتھیاروں کی فروخت جاری رکھ کر اسرائیل کے مبینہ جنگی جرائم میں شریک ہورہا ہے۔ تنظیموں نے ہتھیاروں کی فروخت جاری رکھنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے مترادف قرار دیا ۔ دونوں تنظیموں نے مشترکہ بیان میں کہاکہ انہوں نے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ انڈیپنڈنٹ سینٹر فار فلسطینین جسٹس ،سول سوسائٹی اور ہتھیاروں کی تجارت کی مخالف تنظیم سی اے اے ٹی نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ اسلحے کی فروخت کو روکنے کی تحریری درخواستوں کو مسلسل نظر انداز کیا گیاہے۔ درخواست میں شہریوں۔ انفراسٹرکچر۔ اسپتالوں اور اسکولوں جیسی سہولیات کے ساتھ ساتھ جبری نقل مکانی اور بھوک بڑھانے جیسے اقدامات کا حوالہ دیا گیا ہے۔


































