
لندن : انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔ اسرائیل پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور جرمنی سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی فوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ 13 اکتوبر کو جنوبی لبنان میں امریکی، عراقی اور لبنانی صحافیوں پر اسرائیلی حملہ صریح جنگی جرم ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اسرائیل کو خوب پتہ تھا کہ وہ جن لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے وہ شہری ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی 13 اکتوبر کو صحافیوں پر اسرائیلی حملے کو ہدف تنقید بنایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے اس حملے کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کی جائیں۔ عالمی قوانین کے تحت اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں انجام دینے والے کسی صحافی کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق غزہ پر جس اسرائیلی حملے میں 43 سویلینز شہید ہوئے، اس کیلئے امریکا میں بنا ویپن گائیڈنس سسٹم استعمال ہوا۔


































