
بیروت : حزب اللہ اور صیہونی فوج کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں شدت آگئی۔ لبنان کے ساحلی علاقے نقورہ سے حزب اللہ کے مجاہدین نے گائیڈڈ میزائلوں سے فوجی بحری چوکی پر حملہ کیا۔ جبکہ مجاہدین نے بورانیت میں گلیلی یونٹ کے کمانڈ سینٹر اور موتیلا پوسٹ کو بھی میزائلوں سے اُڑادیا۔ لبنان سے اسرائیلی فوجی چوکیوں پر روزانہ پانچ سے چھ حملے ہو رہے ہیں۔ حزب اللہ نے ہفتے اور اتوار کو کی گئی کارروائیوں کی ویڈیو جاری کردی جس میں مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
حزب اللہ نے اسپائی ویئر اور کمیونیکیشن سسٹم کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہونے والے کئی ہتھیاروں کی نمائش کی جس میں اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اور اسنائپر رائفلز شامل ہیں۔ حزب اللہ نے گذشتہ روز لبنانی قصبے کفار کیلا سے متصل میتولا بستی میں فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا اور تباہ کر دیا۔ بیاد بلیدہ میں بھی نگرانی کے نظام کو میزائلوں سے اڑادیا۔ ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے لبنان میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ جنگی طیاروں نے ہتھیاروں، چیک پوسٹوں اور عسکری ٹھکانوں سمیت مختلف مقامات کو تباہ کردیا۔


































