
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہےکہ فلسطین کی مدد فرض جبکہ صیہونی حکومت کی حمایت جرم اور غداری ہے۔ بدقسمتی سے بعض مسلم حکومتیں اس جرم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ البتہ وہ جان لیں کہ مسلم قومیں ان کی یہ خیانت کبھی نہیں بھولیں گی۔ صوبہ کرمان اور خوزستان کے عوام کے اجتماع سے خطاب میں ولی امرمسلمین نے کہاکہ آج دنیا میں کوئی بھی باشعور انسان صیہونی رجیم اور امریکہ اور برطانیہ میں فرق کا قائل نہیں ہے۔ امریکہ نے نہایت بے شرمی سے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر دیا اب مغربی تہذیب کے چہرے سے نقاب اتر چکا ہے، فلسطینی قوم کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے مغرب، امریکہ اور انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کو رسوا کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج مسلم حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ سامان، تیل، ایندھن وغیرہ کو صیہونی حکومت تک نہ پہنچنے دیں جس طرح وہ غزہ کے لوگوں تک پانی بھی پہنچنے نہیں دیتی۔ یہ مسلمان حکومتوں کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اقوام کا فرض ہے کہ وہ اپنی حکومتوں سے کہیں کہ وہ اس رجیم کو ہر قسم کی امداد بند کر دیں، بلکہ اپنے تعلقات بھی منقطع کریں۔ اگر وہ اپنا رابطہ مستقل طور پر منقطع نہیں کر پاتے تو کم از کم وقتی طور پر منقطع کر لیں اور اس خونخوار اور سفاک رجیم پر دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ آج عالمی ضمیر مجروح ہے اور اس درد کو محسوس کر رہا ہے۔ آج امریکہ اور یورپی ممالک میں لوگ سڑکوں پر آتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ کچھ لوگ اب بھی اس ظالم اور سفاک رجیم کی مدد کر رہے ہیں۔


































