
غزہ : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی تنظیم آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ حماس نے اسٹیووٹکوف کے تحریک مزاحمت کے جنگ بندی کے بدلے غیر مسلح ہونے پر رضامندی کا بیان مسترد کردیا ۔ حماس نے کہا کہ ہم اپنے حق سے اس وقت تک دستبردار نہیں ہوں گے جب تک کہ ہمارے تمام قومی حقوق بحال نہیں ہو جاتے، ان میں سب سے اہم ایک آزاد، مکمل خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو اُن کے بنیادی انسانی اور قومی حقوق دیے بغیر اسرائیلی مظالم اور محاصرے کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔ حماس نے ایک اور بیان میں اسٹیو وٹکوف کے گلوبل ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز کے دورے کو ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ اس کا مقصد عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا، اسرائیلی قابضین کی شبیہ بہتر بنانا اور بچوں و نہتے شہریوں کے قتل عام اور قحط کے انتظام کو سیاسی تحفظ دینا ہے۔


































