
غزہ : حماس نے اپنی قید میں موجود امریکی خاتون اور اس کی بیٹی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیا۔ حماس نے امریکی ماں بیٹی جودتھ تائی رعنان اور نتالی شوشنا رعنان کو ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے حوالے کیا جس نے انہیں غزہ کی سرحد پر پہنچایا جہاں سے اسرائیلی ایلچی نے دونوں کو فوجی اڈے پر منتقل کردیا۔ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے دیگر یرغمالیوں کے خاندانوں کےلیے اس پیشرفت کو امید کی کرن قرار دیا ہے۔ یہ رہائی قطر کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بتایا کہ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل اور حماس کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ کوششیں تمام اقوام کے تمام سول یرغمالیوں کی رہائی کا باعث بنیں گی۔
حماس نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے ماں بیٹی کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا ہے۔ اس کا مقصد امریکی عوام اور دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنا ہے کہ بائیڈن اور اس کی فاشسٹ انتظامیہ کے دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ تمام ثالثوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اگر مناسب سکیورٹی حالات دستیاب ہوں تو سویلین کو رہا کیا جا سکتا ہے لیکن انہوں نے اپنے مطالبات کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا۔


































