
دوحہ: غزہ میں جنگ بندی کے لیے تازہ کوششوں کے دوران قطر نے امریکی دباؤ پر دوحہ میں موجود حماس قیادت کو ذاتی ہتھیار حوالے کرنے کی ہدایت کردی۔
برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق قطری ثالثوں نے دوحہ میں موجود حماس کی اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے لیے اپنے ذاتی ہتھیار حوالے کردیں۔ اخبار کے مطابق جن افراد کو ہتھیار حوالے کرنا کا کہا گیا ہے ان میں حماس کے سینئر رہنما اور مذاکرات کار خلیل الحیہ، مغربی کنارے میں حماس کے مسلح ونگ کی بنیاد رکھنے والے ظاہر جبارین اور حماس کی شوریٰ کونسل کے سربراہ محمد اسماعیل درویش شامل ہیں۔ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ ہدایت قطری ثالثوں کی طرف سے آئی ہے جو بڑی حد تک ایک علامتی اقدام ہے اور حماس کے تخفیف اسلحہ کے لیے اسرائیل کے مطالبے کی منظوری ہے جسے حماس اب تک مسترد کرتی رہی ہے۔


































