
دوحہ : حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ شہر میں پیشرفت اس بات کی واضح علامت ہے کہ اسرائیل معصوم شہریوں کے خلاف اپنی وحشیانہ جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ نیتن یاہو کی جانب سے ثالثوں کی جنگ بندی تجویز کو نظر انداز کرنا اور اس کا جواب دینے میں ان کی ناکامی یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ کسی بھی معاہدے میں حقیقی رکاوٹ ہیں۔ اسرائیل کا مقصد غزہ کو تباہ کرنا اور اس کے رہائشیوں کو بے گھر کرنا ہے۔
حماس نے کہا کہ نیتن یاہو کو اسیروں کی زندگیوں کی کوئی پرواہ ہے اور نہ ہی وہ ان کی واپسی کے لیے سنجیدہ ہیں۔ حماس نےکہا کہ اسرائیلی جارحیت پچھلی فوجی کارروائیوں کی طرح ناکام رہے گی۔ غزہ پر قبضہ کسی پارک میں چہل قدمی جیسا نہیں ہوگا۔ حماس نے بین الاقوامی ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی اور فاقہ کشی کی پالیسی کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالیں۔


































