
دوحہ : حماس کے رہنما خلیل الحیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی جنگ بندی تجاویز کو مسترد نہیں کیا بلکہ چند ترامیم کا مطالبہ کیا تھا۔ خلیل الحیا نے کہا کہ حماس کی مجوزہ ترامیم کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ اسرائیل قتل، دراندازی یا جبری نقل مکانی کی طرف واپس نہ جائے اور ہمارے لوگوں کو امداد اور ریلیف کی باوقار رسائی کی ضمانت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے بنیادی حقوق اور مطالبات کے لیے پرعزم ہیں اور ایک مضبوط موقف پر مبنی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مسلسل کام کر رہے ہیں۔ خلیل الحیا نے کہا کہ ہماری کوششوں کا مقصد مستقل جنگ بندی، پوری غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا، فوری انسانی امداد اور ناکہ بندی کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حماس مستقل جنگ بندی معاہدے کیلئے نئی اور سنجیدہ مذاکراتی کوشش کے لیے تیار ہے۔


































