
نیویارک : اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے امدادی ایجنسی انروا کیخلاف اقدامات بند نہ کئے تو اسے عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے گا۔ انتونیو گوتریس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے نام خط میں واضح کیا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کے ان اقدامات پر خاموش نہیں رہ سکتا جو بین الاقوامی قانون کے تحت اس کی ذمے داریوں سے براہِ راست متصادم ہیں۔ ان اقدامات کو بلا تاخیر واپس لیا جانا چاہیے۔ انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے انروا کو نشانہ بنانے والے قوانین منسوخ۔ قبضے میں لیے گئے اثاثے اور جائیدادیں واپس نہ کیں تو اسے عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے گا۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے خط مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنرل بین الاقوامی قانون کا نہیں بلکہ دہشت گردی میں ملوث ایک تنظیم کا دفاع کررہے ہیں۔


































