
واشنگٹن : سابق اردنی وزیر خارجہ مروان معاشر نے کہا ہے کہ خلیجی ریاستیں سیاسی تصفیے کے بغیر غزہ کی تعمیر نو میں حصہ نہیں لیں گی۔ ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ہے۔
واشنگٹن میں کارنیگی اینڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے نائب صدر مروان معاشر نے کہا کہ خلیجی ریاستوں کے نمائندے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں موجود تھے، لیکن کسی نے ان سے غزہ کی تعمیر نو پر بات نہیں کی۔ ان کے مطابق خلیجی ممالک سیاسی حل کے بغیر غزہ کی تعمیر نو میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ مروان معاشر نے کہا کہ یورپی یونین نے اربوں ڈالر غزہ میں لگائے مگر وہ بار بار تباہ ہوا، اب نہ یورپی یونین اور نہ ہی امریکہ اسے دوبارہ تعمیر کرے گا۔ معاشرکے مطابق وعدے اور کانفرنسیں ضرور ہوں گی لیکن سب کاغذی ہوں گی۔حقیقی تعمیر نو ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے جنگ بندی منصوبے میں جنگ ختم کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی کے بعد کوئی واضح لائحہ عمل نہیں دیا گیا۔ اسرائیل اس ابہام کو اپنے منصوبے آگے بڑھانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔


































