
باکو: پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاہے کہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں سے متعلق عالمی خدشات دور نہیں کیے جاسکے۔ آذر بائیجان میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اگرچہ افغانستان میں جنگ ختم ہو چکی ہے اور سکیورٹی میں بہتری آئی ہے، لیکن خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ اور دہشت گرد گروپوں کے خطرے سے نمٹنے میں ناکافی پیش رفت باقی ہے۔ انہوں نےافغانستان میں پیشرفت کو آگے بڑھانے کیلئے موجودہ انتظامیہ کے ساتھ تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی ترقی افغانستان میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ علاقائی تجارتی انضمام کی حمایت کیلئے پرعزم کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔


































