
گلگت : وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے وزارت خوراک کا اضافی چارج سنبھالنے سے معذرت کر لی ہے۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کسی اور کابینہ ممبر کو وزارت دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ حال ہی میں صوبائی مشیر خوراک شمس لون سے خوراک کی وزارت واپس لے کر انہیں مشیر داخلہ بنایا گیا تھا جبکہ خوراک کی وزارت کاظم میثم کو دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے گندم کے کوٹے میں کٹوتی، گندم کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے مطالبے، اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن ممبران کی گندم پر منفی سیاست اور ممکنہ طور پر آنے والے وقتوں میں مہنگائی کے طوفان کے پیش نظر کاظم میثم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وزارت خوراک کا اضافی چارج اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔


































